پاکستان سپر لیگ کے 24ویں میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے راولپنڈیز کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے حق میں بہتر ثابت ہوا، جبکہ راولپنڈیز کی ٹیم ایونٹ میں مسلسل چھٹی شکست کے بعد اب تک پہلی فتح کے لیے ترس رہی ہے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راولپنڈیز کی ٹیم حیدرآباد کی نپی تلی بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 121 رنز بنا سکی۔
سیم بلنگز 26 اور یاسر خان 24 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کر سکے، تاہم حیدرآباد کے حنین شاہ اور محمد علی کی عمدہ بولنگ نے پنڈی کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا اور دونوں نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
122 رنز کا ہدف حیدرآباد کنگزمین نے 17ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔ کپتان مارنس لبوشین، کوشل پریرا اور عرفان خان نیازی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
راولپنڈیز کی جانب سے آصف آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حنین شاہ کو ان کی شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
آج کا دن نیشنل اسٹیڈیم میں “پنک ڈے” کے طور پر منایا گیا، جہاں بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے کھلاڑیوں، آفیشلز اور کمنٹیٹرز نے گلابی ٹوپیاں اور ربن پہن کر مہم میں حصہ لیا۔
ایونٹ کے دوسرے میچ میں آج کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدمقابل ہوں گی جبکہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہرا کر اپنی ناقابلِ شکست پوزیشن برقرار رکھی تھی۔





