باجوڑ کے سرحدی علاقے کٹ کوٹ میں افغان جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے دو معصوم بچوں سمیت تین افراد کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔
نمازِ جنازہ میں سکیورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران، مقامی عمائدین اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
نمازِ جنازہ کے بعد سکیورٹی فورسز کے اعلیٰ حکام نے متاثرہ گھر کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے سوگوار خاندان سے تعزیت کی اور لواحقین کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی حدود میں سول آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری کی گئی تھی، جس کی زد میں آکر ایک ہی گھر کے تین افراد لقمہ اجل بنے جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوئے۔
باجوڑ کے مکینوں نے افغان طالبان کی اس بزدلانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے اور وہ ملک کے دفاع کے لیے اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
سکیورٹی حکام کا اس موقع پر کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور سرحد پار سے ہونے والی کسی بھی مہم جوئی کا سخت جواب دیا جائے گا۔
علاقے میں پائیدار امن کے قیام اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے سکیورٹی فورسز سرحدوں پر ہمہ وقت چوکس اور پرعزم ہیں۔





