اگر مذاکرات کامیاب ہوگئے تو اسلام آباد جاؤں گا، ٹرمپ کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ بات چیت میں پاکستان نے بہت زبردست کردار ادا کیا ہے، ڈیل ہو گئی تو ہو سکتا ہے میں اسلام آباد جاؤں۔

واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بہت زبردست شخصیات ہیں۔ اگر ایران ڈیل پر اسلام آباد میں دستخط ہوئے تو میں بھی شرکت کر سکتا ہوں۔

انہوں نے مذیدکہاکہ ایران جوہری ہتھیار نہ رکھنے پر آمادہ ہو چکا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں نمایاں پیشرفت ہو رہی ہے، معاہدہ طے پانے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیںاور اگلی ملاقات ویک اینڈ پر ہو سکتی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہییں اور امریکا اس حوالے سے ایران کے ساتھ مؤثر انداز میں بات چیت کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے معاملے میں کافی پیشرفت ہو چکی ہے اور تہران اب ان نکات پر بھی آمادگی ظاہر کر رہا ہے جن پر پہلے تیار نہیں تھا۔

امریکی صدر نے بتایا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایران افزودہ یورینیم امریکا کے حوالے کرنے پر بھی آمادہ ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہو سکا تو دوبارہ جنگ چھڑنے کا خدشہ موجود ہےتاہم وہ امید رکھتے ہیں کہ بات چیت کامیاب ہوگی۔

Scroll to Top