سرکاری ملازمین کے لیے بڑی سہولت، ای بائیک اسکیم کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکاری ملازمین کے لیے خصوصی ای بائیک پراجیکٹ شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ملازمین کو آسان اقساط پر برقی بائیکس فراہم کی جائیں گی۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ سیکٹر سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا، جس میں صوبے میں جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات کے فروغ کے لیے متعدد اہم منصوبوں کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں پنجاب کے 10 اضلاع میں نئی الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ابتدائی مرحلے میں اٹک، بھکر، حافظ آباد، خانیوال، لیہ اور شیخوپورہ سمیت دیگر اضلاع کو الیکٹرک بسیں دی جائیں گی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رواں ماہ 100 الیکٹرک بسیں پنجاب پہنچ جائیں گی، جبکہ جون تک ان کی مجموعی تعداد 714 تک پہنچنے کا امکان ہے۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل سطح پر 1500 الیکٹرک بسیں چلانے کے جامع پلان پر بھی کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں ہر ڈویژن میں الیکٹرک بسوں کی چارجنگ اور مینٹیننس کے لیے خصوصی ڈپو قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ فری ٹرانسپورٹ پروگرام کے تحت اب تک 21 روٹس پر ایک لاکھ سے زائد مسافروں کے مستفید ہونے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں بارشوں کا نیا اسپیل، کب تک جاری رہے گا؟ اہم تفصیلات جاری

مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے تحت گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ میٹرو بس اسٹیشنز کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کرنے اور نئے ڈیزائن کی منظوری بھی دی گئی۔

صوبائی حکومت کی جانب سے پہلی بار ماحول دوست ٹیکسی سروس کے آغاز کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت ای ٹیکسی اسکیم کی گاڑیاں مئی اور جون میں فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ جدید ٹرانسپورٹ سسٹم سے نہ صرف شہریوں کا وقت بچے گا بلکہ ماحول پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

Scroll to Top