نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں 18 سے 23 اپریل کے دوران ممکنہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ای او سی کے مطابق بالائی اور وسطی پنجاب میں 18 اور 19 اپریل کے دوران وقفے وقفے سے گرج چمک، آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور اور ڈیرہ غازی خان سمیت گرد و نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
جنوبی پنجاب میں مجموعی طور پر موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم 18، 19 اور 23 اپریل کو چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد اور راولپنڈی کے تمام ٹرانسپورٹ اڈے آج رات سے بند کرنے کا فیصلہ
بلوچستان کے شمالی اور مغربی اضلاع کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلات، تربت، خضدار اور قلعہ سیف اللہ میں 18، 19، 22 اور 23 اپریل کو گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گوادر اور ساحلی علاقوں میں 19، 20 اور 23 اپریل کو تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کی توقع ہے، جبکہ صوبے کے دیگر حصوں میں موسم زیادہ تر خشک رہنے کا امکان ہے۔
سندھ میں خیرپور، سکھر، حیدرآباد، عمرکوٹ، مٹھی، بدین، کراچی اور کیٹی بندر سمیت مختلف علاقوں میں 19 اور 20 اپریل کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ کئی اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، ملاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، پشاور، صوابی اور وزیرستان میں بارش اور آندھی کا امکان ہے۔ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر برفباری بھی متوقع ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے اضلاع استور، گلگت، سکردو، دیامر، غذر، ہنزہ، نگر، مظفرآباد، وادی نیلم، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی اور پونچھ میں 18، 19، 22 اور 23 اپریل کو تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : لبنان جنگ بندی: ایرانی اسپیکر کا پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار پر اظہارِ تشکر
این ای او سی نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کے نظام کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جبکہ بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، اس لیے شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق عوام بروقت معلومات کے لیے “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” ایپ سے رہنمائی حاصل کریں، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔





