نورعلی وزیر
جنوبی وزیرستان کے علاقے غوا خوا سے پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری عمران مخلص کو نامعلوم افراد نے اغواء کر لیا ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق عمران مخلص اپنے گھر کی طرف جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے انہیں اغواء کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر امان اللہ نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ عمران مخلص علاقے میں ایک انتہائی متحرک اور مثبت کردار کے حامل رہنما رہے ہیں۔
انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ عمران مخلص کی فوری اور بحفاظت بازیابی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔





