پاکستان فٹبال فیڈریشن اور ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن کے درمیان فٹبال تعاون اور ممکنہ فرینڈلی میچ کے حوالے سے ابتدائی بات چیت کا آغاز ہوگیا ہے، جس کے بعد عالمی فٹبال میں پاکستان کی شرکت کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں فیڈریشنز کے درمیان آن لائن اجلاس میں فرینڈلی میچ کے انعقاد اور فٹبال ڈویلپمنٹ پروگرامز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مختلف تکنیکی اور انتظامی امور پر بھی غور کیا گیا۔
بات چیت میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اگر معاملات طے پا گئے تو پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان ایک دوستانہ فٹبال میچ اس سال منعقد کیا جا سکتا ہے۔ اس مجوزہ میچ کو پاکستان فٹبال کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹریفک چالان سے پریشان شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری
ذرائع کے مطابق اس کے ساتھ ساتھ کوچنگ اور ڈویلپمنٹ پروگرامز پر بھی گفتگو ہوئی، جس کے تحت ارجنٹائن کے فٹبال کوچز پاکستان آ کر مقامی کھلاڑیوں اور کوچز کی تربیت کریں گے۔
فٹبال ماہرین کے مطابق اگر یہ تعاون عملی شکل اختیار کر لیتا ہے تو اس سے پاکستان میں فٹبال کے معیار کو بہتر بنانے اور بین الاقوامی سطح پر کھلنے کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔





