اسلام آباد اور راولپنڈی میں دکانیں، بینک اور پارکس بند ہونے کی خبریں جعلی نکلی، ضلعی انتظامیہ کی تردید

اسلام آباد اور راولپنڈی میں دکانیں، بینک اور پارکس بند ہونے کی خبریں جعلی نکلی، ضلعی انتظامیہ کی تردید

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی لاک ڈاؤن، بازاروں اور بینکوں کی بندش کی خبریں بے بنیاد اور جعلی ثابت ہوئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے پیغامات میں جھوٹا دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسلام آباد میں “امن مذاکرات” کے باعث پارلرز، بینک اور پارکس غیر معینہ مدت کے لیے بند رہیں گے تاہم انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ فی الحال ایسے کسی مذاکرات یا بندش کا کوئی امکان نہیں۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ شہر کے تمام بس ٹرمینلز بشمول فیض آباد معمول کے مطابق کھلے ہیں اور ہر قسم کی ٹرانسپورٹ رواں دواں ہے۔

اسی طرح ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے بھی وضاحت کی کہ ضلع راولپنڈی میں تمام نجی، سرکاری اور مال بردار ٹرانسپورٹ کو مکمل فعال رہنے کی اجازت ہے اور کسی بھی تبدیلی کی صورت میں عوام کو فوری آگاہ کیا جائے گا۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ترجمان نے بھی ٹرانسپورٹ اڈوں کی بندش کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق چل رہی ہے۔

حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ غیر تصدیق شدہ خبریں پھیلانے سے گریز کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات پر ہی یقین کریں۔

Scroll to Top