افغانستان کرکٹ ٹیم کے معروف لیگ اسپنر راشد خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھارت اور آسٹریلیا کی جانب سے شہریت اور ان ممالک کی نمائندگی کرنے کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے ان تمام آفرز کو واضح طور پر مسترد کر دیا۔
این ڈی ٹی وی رپورٹ کے مطابق راشد خان نے بتایا کہ 2023 کے ایک واقعے میں ایک اہم شخصیت نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ افغانستان چھوڑ کر بھارت میں مستقل قیام اختیار کریں اور وہیں کرکٹ کھیلیں، مگر انہوں نے یہ پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا اور افغانستان کی نمائندگی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
راشد خان کے مطابق انہیں اس سے پہلے بھی ایسی پیشکشیں موصول ہوتی رہی ہیں، لیکن ان کا مؤقف ہمیشہ واضح رہا ہے کہ اگر وہ افغانستان کی نمائندگی نہیں کریں گے تو کسی اور ملک کے لیے بھی نہیں کھیلیں گے۔
انہوں نے اپنے فیصلے کو وطن سے وفاداری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پہلی اور آخری ترجیح ہمیشہ افغانستان ہی رہے گا، اور وہ اپنے ملک کی کرکٹ کے لیے کھیلتے رہیں گے۔





