اسلام آباد: اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان متوقع مذاکرات کے دوسرے مرحلے سے قبل سفارتی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے، اسی سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں مذاکراتی عمل کے دوسرے مرحلے کے لیے کیے گئے سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی اور مذاکراتی چینلز کو مؤثر انداز میں استعمال کرنا ناگزیر ہے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی سفیر کو اپنے حالیہ دورہ ایران سے متعلق بھی آگاہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف امور پر ہونے والی پیش رفت پر گفتگو کی۔
ایرانی سفیر نے پاکستان کے اس کردار کو سراہا جو وہ خطے میں کشیدگی میں کمی اور پرامن حل کے لیے ادا کر رہا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ روابط کو انتہائی اہمیت حاصل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران امریکا مذاکرات: اسلام آباد میں ریڈ زون بندش کا نوٹیفکیشن جاری
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں تمام تنازعات کے حل کے لیے مذاکراتی عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
وزیر داخلہ کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے دوسرے مرحلے کے مذاکرات کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ غیر ملکی وفود کو مکمل تحفظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور امید رکھتا ہے کہ یہ سفارتی کوششیں مثبت نتائج کی جانب لے جائیں گی۔





