علامہ اقبالؒ کا پیغام آج بھی منصفانہ اور مستحکم نظام کی رہنمائی کرتا ہے، صدر و وزیراعظم

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کو ان کی برسی کے موقع پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبالؒ کا تصورِ سماجی انصاف اور خود کفیل پاکستان کے قیام کے لیے آج بھی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق اقبالؒ کی فکر ایک منصفانہ، انسان دوست اور مستحکم معاشرے کے قیام کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم کی جانب سے وہ علامہ محمد اقبالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ان کے مطابق علامہ اقبالؒ مسلمانانِ برصغیر کے محسن اور ایک عظیم فکری رہنما تھے جنہوں نے خودی، عمل، ایمان اور فکری آزادی کا پیغام دیا۔

یہ بھی پڑھیں : مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کی 88ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

وزیراعظم نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کے افکار نے غلامی کی زنجیروں میں جکڑی قوم کو بیداری اور خودمختاری کا شعور دیا، اور آج بھی ان کا پیغام غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبالؒ نے محبت، اخوت اور بیداریِ ملت کو مقصدِ حیات قرار دیا، اور ان کے نظریات کی روشنی میں اتحاد، علم اور فکری ترقی ہی پاکستان کا مستقبل ہیں۔

Scroll to Top