سیکرٹری خیبر پختونخوا اسمبلی کی تقرری قانونی قرار،پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ جاری

کامران علی شاہ

پشاور ہائی کورٹ نے سیکرٹری خیبر پختونخوا اسمبلی سید وقار شاہ کی تقرری اور ترقی کے خلاف دائر درخواست خارج کر دی ہے۔

عدالتِ عالیہ نے اپنے تفصیلی فیصلے میں قرار دیا کہ درخواست گزارسابق قانونی مشیر علی عظیم آفریدی سیکرٹری اسمبلی کے خلاف عائد کردہ الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہے جس کے بعد سید وقار شاہ کی تقرری اور ترقی کو قانونی طور پر برقرار رکھا گیا ہے۔

عدالت نے واضح کیا کہ سیکرٹری اسمبلی کی تقرری، اپ گریڈیشن اور ترقی کے تمام مراحل مروجہ قوانین اور قواعد و ضوابط کے عین مطابق انجام دیے گئے ہیں اور اس میں کسی قسم کی بدنیتی یا غیر قانونی اقدام ثابت نہیں ہو سکا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ محض الزامات کی بنیاد پر کسی عہدے دار کی تقرری کو کالعدم قرار نہیں دیا جا سکتا اور درخواست گزار کے اعتراضات کسی ٹھوس دستاویزی یا قانونی بنیاد سے محروم ہیں۔

فاضل عدالت نے اپنے فیصلے میں اس نکتے پر بھی زور دیا کہ یہ درخواست عوامی مفاد کے بجائے ذاتی نوعیت کے اختلافات پر مبنی معلوم ہوتی ہے۔

عدالت نے نوٹس لیا کہ درخواست گزار ماضی میں بھی سیکرٹری سیدوقار شاہ کے خلاف متعدد مقدمات کر چکے ہیں جو کہ قانونی سے زیادہ ذاتی رنجش کا معاملہ ظاہر ہوتا ہے۔

عدالت نے درخواست کو میرٹ سے عاری اور ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا اور سید وقار شاہ کی تقرری کو مجاز اتھارٹی کا دائرہ اختیار قرار دے کر برقرار رکھا۔

Scroll to Top