حکومت کی جانب سے ملک میں نئی آٹو سیکٹر پالیسی کے تحت درآمدی گاڑیوں پر عائد اضافی ڈیوٹی ختم کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت درآمدی گاڑیوں پر ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی کو مرحلہ وار ختم کیا جائے گا، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
حکومت نے نئی آٹو پالیسی کی تیاری مکمل کر کے اس کے ابتدائی ڈرافٹ پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مشاورت شروع کر دی ہے۔
پالیسی کا بنیادی مقصد ٹیرف میں کمی لانا، درآمدی نظام کو مزید شفاف بنانا اور مقامی سطح پر گاڑیوں کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
منصوبے کے مطابق مالی سال 2027 سے ہر سال اضافی ڈیوٹی میں 10 فیصد کمی کی جائے گی، جو اگلے چار سالوں میں مکمل ختم ہو جائے گی۔
کسٹمز ڈیوٹی کی شرحوں میں بھی بتدریج کمی لائی جائے گی اور یہ عمل سال 2030 تک مکمل طور پر مکمل کر لیا جائے گا۔
نئی پالیسی میں 7 سال تک پرانی گاڑیاں درآمد کرنے کی اجازت ہوگی، تاہم 5 سال سے زائد پرانی گاڑیوں کے لیے سخت سیفٹی سرٹیفکیٹ لازمی ہوں گے۔
مقامی گاڑیوں میں عالمی معیار کے حفاظتی اقدامات نافذ کرنے کے لیے ایک نیا قانون بھی لایا جا رہا ہے جسے پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے گا۔
وزارتِ صنعت و پیداوار کے مطابق ان اقدامات سے آٹو مارکیٹ میں مسابقت پیدا ہوگی اور گاڑیوں کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔
نئی پالیسی کے مسودے پر مشاورت اسی ماہ مکمل کی جائے گی جس کے بعد اسے حتمی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔





