اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں خطے کی بدلتی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی امن و استحکام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں وزیر خارجہ نے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور روابط بڑھانے کے لیے اپنا مسلسل کردار ادا کر رہا ہے کیونکہ تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد مؤثر راستہ ہیں۔

ملاقات کے دوران برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے متحرک کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کشیدگی کم کرنے اور امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے میں انتہائی تعمیری اور سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے جو کہ قابل تحسین ہے۔

انہوں نے ان سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے حصول کے لیے مسلسل مکالمہ اور سفارتی روابط ناگزیر ہیں جبکہ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی غور کیا گیا۔

Scroll to Top