جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے، صحافی سمیت 5 افراد جاں بحق

جنوبی لبنان میں صیہونی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیاں جاری ہیں، جہاں تازہ فضائی اور زمینی حملوں میں ایک صحافی سمیت کم از کم 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی افواج نے وادی بقاع میں ڈرون حملہ کیا جس میں حزب اللہ کے 2 ارکان کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

حملوں کے دوران جنوبی لبنان کے قصبے الخیام سمیت متعدد علاقوں کو منظم بمباری کا نشانہ بنایا گیا۔ توپ خانے کے استعمال کے ساتھ ساتھ رہائشی عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جبکہ بعض علاقوں میں بلڈوزر کے ذریعے عمارتوں کی مسماری کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

لبنانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان حملوں میں لبنانی صحافی امل خلیل بھی جان کی بازی ہار گئیں۔ ان کی لاش ایک تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے برآمد ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : فیول ریلیف پروگرام: رقم اکاؤنٹس میں منتقل، ابھی چیک کریں

سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ضلع صور (طائر) سمیت مختلف علاقوں میں سڑکوں اور بنیادی انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچایا جا رہا ہے، جس سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک اسرائیلی فوجی گاڑی کو ڈرون حملے میں نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

خطے میں کشیدگی میں اضافے کے ساتھ صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے جبکہ فریقین کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں۔

Scroll to Top