یکمچ، بلوچستان: انٹیلیجنس بنیاد پر سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، 5 دہشت گرد جہنم واصل

کوئٹہ : بلوچستان کے علاقے یکمچ میں انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے “فتنہ الہندوستان” سے وابستہ دہشتگردوں کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے متعدد دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

ذرائع کے مطابق انٹیلیجنس رپورٹس پر سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جس کے دوران فضائی مدد بھی حاصل کی گئی۔ کارروائی میں مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

حکام کے مطابق اس کارروائی میں کم از کم 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جنہیں سیکیورٹی اداروں نے “فتنہ الہندوستان” سے وابستہ قرار دیا ہے۔ آپریشن کے دوران علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر مزید کلیئرنس کارروائیاں بھی کی گئیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے جدید ٹیکنالوجی اور فضائی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر الرٹ ہیں۔

حکام کے مطابق دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان : دالبندین کے قریب ایم-40 پر دہشتگردوں کی کارروائی ناکام، جھڑپ میں متعدد ہلاک، 3 اہلکار شہید۔

بلوچستان : بلوچستان کے علاقے دالبندین کے قریب ایم-40 شاہراہ پر سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی ناکہ لگانے کی کوشش بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دی۔

ذرائع کے مطابق مسلح دہشتگردوں نے شاہراہ کو بلاک کر کے ناکہ بندی قائم کرنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی کے نتیجے میں شدید جھڑپ ہوئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 6 سے 7 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

جھڑپ کے دوران 3 سیکیورٹی اہلکار بھی جامِ شہادت نوش کر گئے۔ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ مزید دہشتگردوں کی تلاش جاری ہے۔

Scroll to Top