پاکستان سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 67 ہزار کی سطح سے بھی نیچے

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 67 ہزار کی سطح سے بھی نیچے آگیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا جس کے باعث سرمایہ کاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ میں 2195 پوائنٹس کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 67 ہزار کی نفسیاتی سطح سے بھی نیچے آگیا، کاروبار کے دوران انڈیکس 1 لاکھ 66 ہزار 977 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا رہا۔

گزشتہ روز کاروباری ہفتے کے چوتھے دن کے آغاز پر ہی مارکیٹ میں مندی کا رجحان دیکھا گیا تھا جب انڈیکس میں 1000 سے زائد پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی اور ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 70 ہزار 476 پوائنٹس کی سطح تک آگیا۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر بھی مارکیٹ مندی کا شکار رہی تھی جہاں ہنڈرڈ انڈیکس 1576 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1 لاکھ 71 ہزار 579 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

ماہرین کے مطابق مسلسل مندی کے اس رجحان نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا ہے جبکہ مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top