کراچی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ 2026 کے 36ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدرآباد کنگزمین کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔
یونائیٹڈ کے بولرز کی تباہ کن بولنگ کے باعث کنگزمین کی پوری ٹیم 16 اوورز بھی مکمل نہ کر سکی اور محض 80 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
کنگزمین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا۔ آغاز سے ہی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو ٹیم سنبھل نہ سکی، عثمان خان 25 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کر سکے جبکہ باقی تمام بلے باز رچرڈ گلیسن، شاداب خان اور عماد وسیم کی نپی تلی بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئے۔
81 رنز کا معمولی ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاور پلے کے فوراً بعد یعنی صرف 6.4 اوورز میں حاصل کر لیا۔ اگرچہ اوپنر ڈیوون کونوے جلد پویلین لوٹ گئے لیکن محسن ریاض نے حریف بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور محض 18 گیندوں پر 42 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر میچ کا پانسا پلٹ دیا۔ سمیر منہاس نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دے کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
اس بڑی کامیابی کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے بعد پلے آف میں پہنچنے والی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔





