نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی وفد کا استقبال کیا

اسلام آباد: اسلام آباد میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد پہنچ گیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وفد کے دورے کا مقصد پاکستان کی قیادت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق اسلام آباد آمد پر ایرانی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا استقبال نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کیا۔

دورے کے دوران عباس عراقچی پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں خطے میں امن و استحکام، موجودہ علاقائی پیش رفت اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔

ایرانی وزیر خارجہ اس سے قبل یہ اعلان کر چکے ہیں کہ وہ اسلام آباد کے ساتھ ساتھ مسقط اور ماسکو کا بھی دورہ کریں گے۔

ان کے مطابق پڑوسی ممالک ایران کی خارجہ پالیسی میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں، اور ان دوروں کا مقصد خطے میں ہونے والی پیش رفت پر قریبی رابطہ کاری اور شراکت داروں سے مشاورت کو مضبوط بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی اسلام آباد پہنچ گئے

عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ ان تین اہم شہروں کے بروقت دورے پر روانہ ہو رہے ہیں تاکہ دوطرفہ امور پر رابطوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

دوسری جانب امریکی وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے ایک انٹرویو میں تصدیق کی ہے کہ امریکہ کی جانب سے بھی مذاکراتی عمل میں وفد شرکت کرے گا۔ ان کے مطابق اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر ہفتے کی صبح مذاکرات کے لیے پاکستان روانہ ہوں گے۔

علاقائی سطح پر جاری سفارتی سرگرمیوں کے پیش نظر یہ دورہ اہم قرار دیا جا رہا ہے، جس میں مختلف فریقین کے درمیان رابطوں اور مشاورت میں تیزی متوقع ہے۔

Scroll to Top