لکی مروت میں مبینہ زہریلی خوراک سے دو معصوم جانیں چلی گئیں

لکی مروت کے علاقے تھانہ سرائے نورنگ کی حدود امین آباد میں مبینہ طور پر زہریلی خوراک کھانے سے دو کمسن بچے جاں بحق ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں تقریباً 10 اور 11 سال بتائی جاتی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں بچے نورنگ بازار کی جانب جا رہے تھے کہ راستے میں انہیں مبینہ طور پر زہریلی خوراک دیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حالت خراب ہونے پر بچوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سرائے نورنگ منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں بنوں ریفر کر دیا گیا، تاہم دونوں بچے جانبر نہ ہو سکے اور دم توڑ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر :وادی تیراہ میں زہریلی روٹی کھانے سے16بچوں کی حالت غیر ہوگئی،ہسپتال منتقل

واقعے کے بعد علاقے میں افسوس اور غم کی فضا ہے، جبکہ اہلخانہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

Scroll to Top