جماعت اسلامی کے سابق امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، جس کا اعتراف خود پی ٹی آئی کارکنان بھی کر رہے ہیں۔
صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ صوبے میں عوامی مسائل جوں کے توں ہیں جبکہ مہنگائی اور بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق پارٹی کارکنان کا مؤقف ہے کہ قیادت نے صرف دعوے کیے ہیں جبکہ عملی طور پر کوئی نمایاں کام نظر نہیں آ رہا۔
سراج الحق نے کہا کہ اس وقت ایران اور امریکہ کے درمیان پاکستان جو ثالثی کردار ادا کر رہا ہے وہ قابلِ تحسین اور خوش آئند ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی جنگ میں شامل نہیں ہو سکتا اور خطے کا امن پاکستان کے مفاد میں ہے۔ ان کے مطابق ملک کو جنگی پالیسیوں کے بجائے سفارتکاری اور مذاکرات کو ترجیح دینی چاہیے۔
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوابی سمیت مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کارکنان اپنی ہی قیادت پر عدم اعتماد کا اظہار جلسوں میں کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا اسمبلی کا اگلا اجلاس کہاں ہوگا؟ گورنر فیصل کریم کنڈی کی حیرت انگیز پیشگوئی
سراج الحق نے مزید کہا کہ پارٹی کے کارکنان سابق وزرائے اعلیٰ پرویز خٹک اور محمود خان سمیت موجودہ معاون خصوصی سہیل آفریدی کے خلاف بھی کھل کر بات کر رہے ہیں۔





