وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کا جنگ کے خاتمے میں کردار قابل تحسین، ایرانی سفیر

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے جنگ کے خاتمے اور خطے میں امن کے لیے کردار کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے پاکستان کی قیادت، مسلح افواج اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر جاری بیان میں ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف سفارتی سطح پر مؤثر کردار ادا کیا بلکہ دورے کے دوران بہترین سکیورٹی اور انتظامی سہولیات بھی فراہم کیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں رضا امیری مقدم نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں خطے میں امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنگ کے خاتمے اور کشیدگی میں کمی کے حوالے سے پاکستان کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی وفد کا دورہ مکمل سکیورٹی، مؤثر منصوبہ بندی اور بہترین انتظامات کے ساتھ منعقد ہوا، جس پر پاکستانی اداروں کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عباس عراقچی نے امریکا کو تحریری پیغامات پاکستان کے ذریعے پہنچا دیے، اصل حقیقت کیا ہے؟

ایرانی سفیر نے پاک فوج، سکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر سرکاری اداروں کے عملے کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اسلام آباد کے عوام کی مہمان نوازی، صبر اور تعاون کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے پاکستان کو برادر، دوست اور ہمسایہ ملک قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

Scroll to Top