سیمنٹ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ

پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں سیمنٹ کی ریٹیل قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کے دوران کمی کا رجحان رہا ہے۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 23 اپریل کو ختم ہونے والے ہفتے میں شمالی شہروں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط قیمت 1535 روپے ریکارڈ کی گئی، جو اس سے پچھلے ہفتے کی قیمت 1548 روپے کے مقابلے میں 0.84 فیصد کم ہے۔

اسی طرح ملک کے جنوبی حصوں میں بھی قیمتوں میں 0.13 فیصد کی معمولی گراوٹ دیکھی گئی، جہاں فی بوری قیمت 1544 روپے سے کم ہو کر 1542 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

تفصیلی رپورٹ کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں قیمتوں کا اتار چڑھاؤ جاری رہا، جس کے تحت اسلام آباد میں سیمنٹ کی بوری 1541 روپے، راولپنڈی میں 1522 روپے، گوجرانوالہ میں 1550 روپے اور سیالکوٹ میں بھی 1550 روپے میں فروخت ہوئی۔ لاہور میں اوسط قیمت 1582 روپے، فیصل آباد میں 1510 روپے، سرگودھا میں 1542 روپے، ملتان میں 1536 روپے جبکہ بہاولپور میں 1583 روپے ریکارڈ کی گئی۔

خیبرپختونخوا کے شہروں پشاور میں فی بوری قیمت 1516 روپے اور بنوں میں سب سے کم یعنی 1450 روپے تک دیکھی گئی۔

سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں بھی قیمتوں کے حوالے سے شماریات بیورو نے ڈیٹا جاری کیا ہے، جس کے تحت کراچی میں سیمنٹ کی فی بوری 1461 روپے، حیدرآباد میں 1520 روپے، سکھر میں 1600 روپے اور لاڑکانہ میں 1513 روپے میں دستیاب رہی۔

کوئٹہ میں سیمنٹ کی اوسط ریٹیل قیمت 1490 روپے رہی جبکہ خضدار میں ملک بھر کے مقابلے میں سب سے زیادہ قیمت 1667 روپے فی بوری ریکارڈ کی گئی۔

Scroll to Top