بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے مستحق طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے تعلیمی وظائف کی رجسٹریشن کا نیا طریقہ کار واضح کر دیا ہے جس کے تحت اب اہل مائیں اپنے بچوں کا اندراج کروا کر مالی معاونت حاصل کر سکیں گی۔
اس پروگرام کا مقصد تعلیمی اخراجات میں والدین کا ہاتھ بٹانا اور بچوں کے لیے زیورِ تعلیم کا حصول آسان بنانا ہے۔
رجسٹریشن کے لیے والدین کو اپنے بچوں اور ان کے نادرا سے جاری شدہ ب فارم کے ہمراہ قریبی بی آئی ایس پی دفتر جانا ہوگا جہاں متعلقہ افسر کو بی آئی ایس پی میں درج موبائل نمبر فراہم کرنے پر ایک انرولمنٹ سلپ جاری کی جائے گی۔ یہ سلپ بچے کے اسکول سے پُر کروا کر واپس دفتر میں جمع کروانا لازمی ہے جس میں کلاس، سیکشن اور اساتذہ کے کوائف کا اندراج ہوگا، جس کی تصدیق کے بعد وظیفہ جاری کر دیا جائے گا۔
وظیفے کے حصول کے لیے طالب علم کی والدہ کا بینظیر کفالت پروگرام کے لیے اہل ہونا اور بچے کی اسکول میں 70 فیصد حاضری برقرار رکھنا لازمی ہےجبکہ اسکول تبدیل کرنے کی صورت میں بھی ادارے کو مطلع کرنا ضروری ہے۔
عمر کی حد پرائمری کے لیے 4 سے 12 سال، سیکنڈری کے لیے 8 سے 18 سال اور ہائیر سیکنڈری کے لیے 13 سے 22 سال مقرر کی گئی ہے۔
رقم کی تفصیلات کے مطابق پرائمری کے طلبہ کو 2500 اور طالبات کو 3000 روپے، سیکنڈری کے طلبہ کو 3500 اور طالبات کو 4000 روپے جبکہ ہائیر سیکنڈری کے طلبہ کو 4500 اور طالبات کو 5000 روپے سہ ماہی وظیفہ دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ خواتین کی تعلیم کی حوصلہ افزائی کے لیے پرائمری تعلیم مکمل کرنے والی طالبات کو 3000 روپے کا خصوصی بونس بھی دیا جائے گا۔





