فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے بھارت کو تاریخ ساز شکست دے دی، گرپتونت سنگھ پنوں

کراچی: سکھوں کی عالمی تنظیم سکھ فار جسٹس کے جنرل سیکرٹری گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج دنیا کی ایک طاقتور فوج ہے اور پاکستان کی حکومت اور قوم اس قیادت پر قابلِ مبارکباد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے بھارت کو تاریخ ساز شکست سے دوچار کیا ہے۔

یہ بات انہوں نے بدھ کے روز کراچی پریس کلب میں برطانیہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ خالصتان تحریک کا مقصد بھارتی پنجاب کو بھارت سے آزاد کرانا ہے، اور یہ تحریک اب صرف مقامی سطح تک محدود نہیں رہی بلکہ امریکا اور کینیڈا سمیت دنیا بھر میں پھیل چکی ہے۔

گرپتونت سنگھ پنوں نے اعلان کیا کہ سکھ فار جسٹس نے بھارت میں خالصتان ریفرنڈم کی ووٹر رجسٹریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کے مطابق خالصتان ڈیکلریشن ڈے کے موقع پر پاکستان سے اظہارِ یکجہتی بھی کیا گیا اور تحریک کو عالمی سطح پر مزید وسعت دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل کو اللہ نے عزت دی، ایسا مقام پاکستان کو پہلے کبھی نہیں ملا، گورنر پنجاب

انہوں نے بتایا کہ اب تک 18 لاکھ سے زائد سکھ خالصتان ریفرنڈم میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر چکے ہیں، جبکہ پورے بھارت میں گوردواروں کے ذریعے ووٹر رجسٹریشن کا مرحلہ وار آغاز کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن مہم دہلی، ہماچل پردیش اور ہریانہ سے شروع کی جا رہی ہے۔

گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ سکھ فار جسٹس نے پنجاب کو آزاد ریاست بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور خالصتان ریفرنڈم مہم اب ایک عالمی تحریک بن چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خالصتان کے قیام تک جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک زوروں پر ہے اور وہاں کے عوام کو بھارتی تسلط سے آزادی ضرور ملے گی۔ اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے پاکستان کو “پاک اور حلال ملک” جبکہ بھارت کو “ناجائز ریاست” قرار دیا۔

Scroll to Top