پیٹرول پمپس پر پانچ دن کی ہڑتال ،پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا بیان سامنے آگیا

کاشف الدین سید

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی ہڑتال سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو محض افواہ قرار دیتے ہوئے ان کی سختی سے تردید کر دی ہے۔

وائس چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن نعمان علی بٹ نے واضح کیا ہے کہ یکم مئی سے 5 مئی تک ہڑتال سے متعلق پھیلائی جانے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

نعمان علی بٹ کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں تمام پیٹرول پمپ معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور عوام کو بلا تعطل پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری رہے گی۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ان جھوٹی خبروں کا ایسوسی ایشن سے کوئی تعلق نہیں ہے اور پیٹرول پمپ مالکان ایسی کسی بھی ہڑتال کی حمایت نہیں کرتے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور پیٹرول پمپس اپنی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔

دوسری جانب چیئرمین پختونخوا پیٹرولیم ایسوسی ایشن گل نواز آفریدی نے بھی خصوصی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر ہڑتال سے متعلق چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یکم مئی 2026 کو صوبے سمیت ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپس اپنی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔

Scroll to Top