محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں موسمی تبدیلیوں کے حوالے سے آئندہ 24 گھنٹوں کی رپورٹ جاری کر دی ہےجس کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آبادسمیت بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی آنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے بیشتر میدانی اضلاع، سندھ اور بلوچستان میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں گرمی کی شدت کے ساتھ گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
مری اور گلیات میں بھی موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا تاہم مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔





