ایران : ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران سفارتکاری کا راستہ کھلا رکھنے کے لیے تیار ہے، تاہم امریکا کو اپنا دھمکی آمیز لہجہ اور توسیع پسندانہ رویہ تبدیل کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سعودی عرب، قطر، ترکی، مصر، عراق اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے، جن میں انہوں نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی اور جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کی کوششوں سے متعلق آگاہ کیا۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے دروازے کھلے رکھنے کا خواہاں ہے، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ امریکا جارحانہ اور دھمکی آمیز رویہ ترک کرے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران جنگ ختم ہوتے ہی تیل و گیس کی قیمتیں فوراً کم ہوجائیں گی، صدر ٹرمپ
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ ممکنہ مذاکرات میں پاکستان بطور باضابطہ ثالث کردار ادا کر رہا ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق اگر مذاکرات کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا تو اس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔
ایران کا مؤقف ہے کہ خطے میں استحکام کے لیے بات چیت اور سفارتکاری ہی واحد مؤثر راستہ ہے، تاہم اس عمل میں باہمی احترام اور سنجیدگی بنیادی شرط ہے۔





