محکمہ صحت پنجاب نے طلبہ اور گریجویٹس کے لیے انٹرن شپ پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے صحت کے شعبے میں کیریئر بنانے کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے سنہری موقع فراہم کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت و آبادی پنجاب کی جانب سے شروع کیے گئے اس انٹرن شپ پروگرام کے تحت فارمیسی اور متعلقہ شعبوں سے وابستہ طلبہ کو عملی تربیت اور تجربہ فراہم کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق یہ پروگرام خاص طور پر پنجاب کی سرکاری جامعات کے فارما ڈی کے طلبہ، گریجویٹس اور پوسٹ گریجویٹس کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ فائنل ایئر کے وہ طلبہ بھی درخواست دینے کے اہل ہوں گے جن کے نتائج ابھی متوقع ہیں۔ اسی طرح فارما ڈی مکمل کرنے کے دو سال کے اندر اور ماسٹرز یا ایم فل مکمل کرنے کے دو سال کے اندر فارغ التحصیل طلبہ بھی اس پروگرام کے لیے اہل قرار دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت سے ایک لاکھ روپے حاصل کرنے کا آسان اور مکمل طریقہ جانیں
محکمہ صحت کے مطابق انٹرن شپ پروگرام کے لیے درخواست کا مکمل عمل آن لائن ہوگا، جس میں امیدواروں کو رجسٹریشن کے بعد اپنا پروفائل مکمل کرنا اور مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔
حکام نے بتایا کہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 مئی 2026 مقرر کی گئی ہے، اور درخواستیں صرف آن لائن قبول کی جائیں گی، کسی بھی صورت میں دستی یا دیگر طریقہ کار قابلِ قبول نہیں ہوگا۔
یہ پروگرام ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگز کنٹرول پنجاب کے تحت چلایا جا رہا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو عملی تربیت فراہم کر کے صحت کے شعبے میں افرادی قوت کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانا ہے۔





