پنجاب حکومت نے سال 2027 کی پتنگ بازی کے لیے نئے قواعد و ضوابط کا اعلان کرتے ہوئے ان پر عملدرآمد کی آخری تاریخ 30 دسمبر 2026 مقرر کر دی ہے۔
یہ اقدامات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے واضح کیا ہے کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد ہر شہری، عمارت کے مالک اور منتظم کے لیے لازمی ہوگا۔
نئے ضوابط کے تحت پتنگ بازی صرف مضبوط اور محفوظ چھتوں پر کی جا سکے گی، جبکہ ہر چھت کی چار دیواری کی کم از کم اونچائی ساڑھے تین فٹ ہونا لازمی قرار دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ والدین اور سرپرست بچوں کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنائیں گے، اور بچوں کو بغیر نگرانی چھتوں کے کناروں کے قریب جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق بچوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
نئے قواعد میں چھتوں پر بھاگنے، کودنے، کناروں سے لٹکنے اور خطرناک انداز میں پتنگ لوٹنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اسی طرح چھتوں پر گنجائش سے زیادہ افراد کے جمع ہونے کی بھی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ پتنگ بازی کے دوران اونچی آواز میں موسیقی، ڈی جے سسٹمز اور دیگر شور پیدا کرنے والے آلات کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔
ضوابط کے مطابق ہمسایوں کے لیے پریشانی کا باعث بننے والی کوئی بھی سرگرمی قانوناً جرم تصور ہوگی۔ تمام مقامات پر فرسٹ ایڈ کٹ کی موجودگی اور اس تک آسان رسائی کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو ریسکیو 1122 سے فوری رابطے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت نے کلائمیٹ ایکشن بورڈ ترمیمی بل کی منظوری دے دی
حکومت نے واضح کیا ہے کہ حادثے یا قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں عمارت کے مالکان اور ایونٹ کے منتظمین کو ذاتی اور مشترکہ طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ ضوابط کا مقصد پتنگ بازی کو محفوظ بنانا اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور پتنگ بازی کے نام پر انسانی جانوں سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ ضوابط پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے گزشتہ سال بسنت کے دوران شہریوں کی جانب سے قواعد کی پابندی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاہور کے شہریوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ 2027 کی بسنت کے دوران بھی شہری اسی طرح حفاظتی اقدامات پر عمل کریں گے اور حکومت محفوظ اور منظم بسنت کے انعقاد میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔





