بڑی پیشرفت! خیبر پختونخوا کابینہ نے اہم بل اور مالی گرانٹس کی منظوری دیدی

بڑی پیشرفت! خیبر پختونخوا کابینہ نے اہم بل اور مالی گرانٹس کی منظوری دیدی

خیبر پختونخوا کابینہ نے ماحولیاتی تحفظ، سماجی فلاح اور غذائی تحفظ سے متعلق متعدد اہم اور بڑے فیصلوں کی منظوری دیدی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سہیل آفردی کی صدارت میں ہونے والے کابینہ کے 52ویں اجلاس میں مختلف محکموں کے وزراء، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ماحولیاتی، تعلیمی، صحت، بلدیاتی اور سماجی شعبوں سے متعلق اہم اصلاحات اور منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ نے کلائمیٹ ایکشن بورڈ (ترمیمی) بل 2026 کی منظوری دی ہے، جس کے تحت ماحولیاتی تبدیلیوں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی فنڈ قائم کیا جائے گا تاکہ متاثرہ علاقوں میں فوری بحالی ممکن ہو سکے۔

کابینہ نے اقلیتی طلبہ کے لیے 11 کروڑ 25 لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ اور دہشت گردی سے متاثرہ اقلیتوں کے انڈومنٹ فنڈ کو 20 کروڑ سے بڑھا کر 30 کروڑ روپے کرنے کی منظوری بھی دی

اسی طرح مردان، نوشہرہ اور ہری پور میں مختلف واقعات کے متاثرین کے لیے خصوصی امدادی پیکج کی منظوری دی گئی، جس کے تحت جاں بحق افراد کے لواحقین کو 25 لاکھ جبکہ زخمیوں کو 10 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔

صوبائی کابینہ نے 2 لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدنے کی منظوری بھی دی ہے، جس کی قیمت 3 ہزار 500 روپے فی 40 کلو مقرر کی گئی ہے، اور اس خریداری پر مجموعی طور پر 19 ارب 68 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

مزید برآں، کابینہ نے پیدائش، وفات، شادی، طلاق اور دیگر اہم دستاویزات کی آن لائن رجسٹریشن اور سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لیے ڈیجیٹل اصلاحات کی منظوری بھی دی ہے۔

صحت کے شعبے میں مینگورہ سوات کے کڈنی اسپتال کو جدید ٹرانسپلانٹ سینٹر میں تبدیل کرنے کے لیے 18 کروڑ روپے اضافی گرانٹ منظور کی گئی، جبکہ انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ سائنسز کو ایم ٹی آئی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا ذیلی ادارہ قرار دیا گیا۔

کابینہ نے تعلیم، ٹورازم، بلدیات اور دیگر شعبوں میں بھی متعدد اصلاحاتی اقدامات کی منظوری دی، جبکہ بہائی میرج ایکٹ کے تحت دو رجسٹرارز کی تعیناتی اور مختلف ادارہ جاتی اصلاحات کی بھی منظوری دی گئی۔

حکام کے مطابق یہ فیصلے صوبے میں گورننس، فلاحی خدمات اور ڈیجیٹل نظام کو مزید مؤثر بنانے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہیں۔

Scroll to Top