نادرا کے سابق چیئرمین اور ورلڈ بینک میں پاکستان کے موجودہ ٹیکنیکل ایڈوائزرطارق ملک کو ڈیجیٹل شناخت اور پبلک انفراسٹرکچر کے شعبے میں ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں دنیا کے 25 بہترین ماہرین میں شامل کر لیا گیا ہے۔
عالمی شہرت یافتہ ڈیجیٹل شناخت، کلاؤڈ اور سائبر سیکیورٹی پلیٹ فارم Okta نے دنیا بھر سے منتخب کیے گئے 25 ماہرین کی فہرست جاری کی ہے، جنہوں نے ڈیجیٹل شناخت، سیکیورٹی اور ڈیجیٹل ٹرسٹ کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
ان ماہرین کے نام اور تصاویر 4 مئی کی صبح نیویارک کے ٹائمز اسکوائر کی اسکرین پر باضابطہ طور پر پیش کیے جائیں گے، جہاں اس عالمی اعزاز کا اعلان کیا جائے گا۔
طارق ملک، جو معروف محقق اور دانشور پروفیسر فتح ملک کے صاحبزادے ہیں، اس سے قبل اقوام متحدہ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیجیٹل نظام کے بانیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق امریکا کے ایک دورے کے دوران ان کی ملاقات سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو سے ہوئی تھی، جس کے بعد انہیں پاکستان میں خدمات انجام دینے پر آمادہ کیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے نادرا میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے ادارے کے ڈیجیٹل نظام اور سیکیورٹی انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا اور خود بھی چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں۔
ان کی اس عالمی سطح کی پہچان کو پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔





