شاہد خٹک پر الزامات، اے این پی رہنما کے خلاف بڑا قانونی ایکشن، ہرجانے کا نوٹس جاری

شاہد خٹک پر الزامات، اے این پی رہنما کے خلاف بڑا قانونی ایکشن، ہرجانے کا نوٹس جاری

ایم این اے شاہد خٹک اور دیگر شخصیات کے خلاف مبینہ کرپشن الزامات عائد کرنے پر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صوبائی رہنما حمید خان طوفان کو ایک ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نوٹس وکلاء زیشان اللہ ایڈووکیٹ اور عصمت اللہ خان ایڈووکیٹ کی جانب سے بھیجا گیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حمید طوفان نے سوشل، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر جھوٹے، من گھڑت اور بے بنیاد الزامات عائد کیے۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حمید طوفان نے مارچ 2026 کے دوران 84 کروڑ روپے کی مبینہ کرپشن کا الزام عائد کرتے ہوئے ایم این اے شاہد خٹک، مینا خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو ملوث قرار دیا، جبکہ یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ رقم مختلف افراد میں تقسیم کی گئی۔

نوٹس میں ان تمام الزامات کو بے بنیاد، بدنیتی پر مبنی اور متعلقہ شخصیات کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش قرار دیا گیا ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ ان الزامات کے باعث نہ صرف ان افراد کی شہرت اور وقار متاثر ہوا بلکہ عوامی اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچی۔

قانونی نوٹس کے ذریعے حمید طوفان کو 14 دن کے اندر غیر مشروط عوامی معافی مانگنے، تمام مواد سوشل میڈیا سے ہٹانے اور ایک ارب روپے بطور ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت میں مطالبات پورے نہ کیے گئے تو متعلقہ فریقین کے خلاف سول اور فوجداری کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس کے تمام اخراجات اور نتائج کے ذمہ دار حمید طوفان خود ہوں گے۔

Scroll to Top