خیبرپختونخوا میں موسلادھاربارشوں اور آندھی کی پیشگوئی،پی ڈی ایم اےکا ہائی الرٹ جاری

خیبرپختونخوا میں موسلادھاربارشوں اور آندھی کی پیشگوئی،پی ڈی ایم اےکا ہائی الرٹ جاری

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں درجہ حرارت میں اضافے اور بارشوں کے باعث گلیشیئر جھیلیں پھٹنے کے خطرے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

الرٹ کے مطابق 3 مئی سے صوبے میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہو رہا ہے، جس سے چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں موسلادھار بارشوں اور آندھی کا امکان ہے۔

محکمہ کے مطابق گلیشیئر پگھلنے اور شدید بارشوں سے پہاڑی ندی نالوں میں اچانک طغیانی اور فلیش فلڈ کا خدشہ ہے، جس سے نشیبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے وارننگ دی ہے کہ پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے رابطہ سڑکوں پر موجود گاڑیوں کے بہنے کا بھی خطرہ ہے، اس لیے عوام خطرناک علاقوں کی طرف غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہنگامی اقدامات مکمل رکھیں اور حساس مقامات پر مشینری و ریسکیو اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائیں۔

پی ڈی ایم اے نے زور دیا ہے کہ بروقت وارننگ سسٹم کو فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں انسانی جان و مال کے نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

Scroll to Top