دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ سروس اچانک بند، اصل وجہ کیا ہے؟

تکنیکی خرابی کے باعث پاکستان نے دنیا بھر میں اپنے تمام سفارتخانوں اور قونصل خانوں میں پاسپورٹ سروسز عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔

حکام کے مطابق اسلام آباد میں واقع پاکستان پاسپورٹ آفس اسلام آباد کے مرکزی نظام میں پیدا ہونے والی خرابی کے باعث بیرون ملک تمام پاکستانی مشنز میں پاسپورٹ سے متعلق خدمات متاثر ہوئی ہیں۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تکنیکی مسئلہ مرکزی سرور میں خرابی کے باعث پیش آیا جس کے بعد دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارتخانوں اور قونصل خانوں میں پاسپورٹ کی تمام کارروائیاں روک دی گئی ہیں۔

پاکستانی سفارتخانوں نے بیرون ملک مقیم شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ پاسپورٹ کی تجدید، نئے پاسپورٹ کے اجرا اور دیگر تمام خدمات اگلے سرکاری اعلان تک معطل رہیں گی۔

اچانک بندش کے باعث مختلف ممالک میں مقیم پاکستانی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ وہ ان سفارتی مشنز پر انحصار کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزٹ ویزا پر حج کے خواہشمند افراد کےلیےاہم خبر

متاثرہ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نظام کو فوری طور پر بحال کیا جائے اور تکنیکی خرابی کو جلد از جلد دور کیا جائے۔

تاحال حکام کی جانب سے سروسز کی بحالی کے لیے کوئی واضح ٹائم لائن جاری نہیں کی گئی، جس کے باعث بیرون ملک پاکستانیوں میں بے یقینی کی صورتحال برقرار ہے۔

Scroll to Top