بنوں اور شمالی وزیرستان کے مخصوص علاقوں میں انٹرمیڈیٹ امتحانات ملتوی

بنوں ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ بنوں نے ضلع شمالی وزیرستان اور بنوں کے بعض مخصوص علاقوں میں سیکیورٹی صورتحال اور کرفیو کے نفاذ کے باعث انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات جزوی طور پر ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے بنوں، بکاخیل، میرانشاہ روڈ پر ہفتہ وار کرفیو نافذ کیا ہے جس کے باعث طلبہ، اساتذہ اور امتحانی عملے کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس شاہراہ پر واقع امتحانی مراکز میں ہفتے کے روز ہونے والے پرچے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

کنٹرولر امتحانات محمد فاروق خان کے دستخط سے جاری مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ملتوی کیے گئے پرچے عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد منعقد کیے جائیں گے،

 ان امتحانات کا نیا شیڈول جلد ہی بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ  www.biseb.edu.pk  پر جاری کیا جائے گا۔

بورڈ حکام کے مطابق دیگر تمام اضلاع اور مراکز میں امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے اور ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: امتحانات میں شفافیت کیلئے سخت نظام نافذ

متاثرہ علاقوں کے امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات کے لیے بورڈ کی ویب سائٹ اور متعلقہ میڈیا ذرائع سے رابطے میں رہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عوامی مفاد، طلبہ کے تحفظ اور امتحانی عمل کو شفاف اور محفوظ بنانے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

Scroll to Top