معرکہ حق میں بھارت کو دیا گیا جواب تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، سردار محمد یوسف

اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت علما و مشائخ کونسل کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ’معرکہ حق‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر آئندہ جمعہ کو یومِ تشکر منانے کا اعلان کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ ’معرکہ حق‘ میں افواج پاکستان نے جس انداز میں بھارت کو جواب دیا، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا اور اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معرکہ قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ علما و مشائخ کونسل ملک بھر میں اتحاد و یگانگت کے فروغ کے لیے متحرک ہے اور اس کا کردار مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے علما کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ قومی معاملات میں رہنمائی فراہم کی اور حکومت کا ساتھ دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اللہ کے فضل سے عالمی سطح پر ایک اہم مقام حاصل کیا ہے اور آج دنیا پاکستان کے ثالثی کردار کو تسلیم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم، فیلڈ مارشل سید محمد عاصم منیر اور وزیر خارجہ کی سفارتی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ’معرکہ حق‘ میں پاکستان نے کئی بھارتی طیارے مار گرائے،عالمی جریدے ’فارن افیئرز‘ کی تصدیق

اجلاس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علما نے شرکت کی، جن میں پیر سید چراغ الدین شاہ، مولانا ڈاکٹر محمد علی ابو تراب، علامہ عارف حسین واحدی، مفتی ضمیر احمد ساجد اور دیگر شامل تھے۔ شرکا نے حکومت کی قیادت، سفارت کاری اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اجلاس کے اختتام پر سردار محمد یوسف کی جانب سے پیش کردہ اعلامیہ کی متفقہ طور پر تائید کی گئی، جبکہ ’معرکہ حق‘ کے ایک سال مکمل ہونے پر 8 مئی کو ملک بھر میں یومِ تشکر منانے کا باقاعدہ اعلان بھی کیا گیا۔

Scroll to Top