شیراز احمد شیرازی
اسلا م آباد : حج آپریشن 2026 کے اٹھارہویں روز کے دوران سرکاری اور نجی عازمین کی سعودی عرب آمد کا سلسلہ جاری ہے، ترجمان مذہبی امور کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 39 ہزار 959 سرکاری عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مدینہ منورہ میں 13 ہزار 280 جبکہ مکہ مکرمہ میں 26 ہزار 679 سرکاری عازمین موجود ہیں۔ آئندہ 15 روز میں مزید 78 ہزار 875 عازمین کو بھی سعودی عرب منتقل کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ اب تک 6 ہزار 673 پرائیویٹ عازمین حج بھی سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جبکہ مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دینے کے لیے 949 خدام الحجاج اور طبی عملہ بھی موجود ہے۔
حج انتظامات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان حج مشن مکہ میں مرکزی کنٹرول آفس قائم کر دیا گیا ہے، جہاں انتظامیہ، اکاؤنٹس، ایئرپورٹ استقبالیہ، رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ، حرم گائیڈز، کال سینٹر، شکایات سیل، گمشدگی و بازیابی اور ویل چیئر ڈیسک سمیت متعدد شعبہ جات فعال ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : عازمین کیلئے ریلیف، کم بچوں کے حج پر پابندی ختم کر دی گئی
اس کے علاوہ میڈیا سیل بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ حج آپریشن کی بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں۔
مکہ مکرمہ میں عازمین حج کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے 22 ڈسپنسریاں بھی قائم کر دی گئی ہیں، جہاں ڈاکٹرز اور طبی عملہ ہمہ وقت خدمات انجام دے رہا ہے۔
حکام کے مطابق حج آپریشن مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہے اور عازمین کی سہولت کے لیے تمام ممکنہ انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔





