خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری

خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے 7 سے 11 مئی کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں شدید ہیٹ ویو (گرمی کی لہر) کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق اس دوران ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوگا بالخصوص سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں پارہ 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی شدید گرمی کی لہر متوقع ہے جہاں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان اور نوشہرہ میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح لاہور سمیت وسطی پنجاب کے مختلف اضلاع اور خطہ پوٹھوہار میں بھی پارہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے، جبکہ کراچی میں درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے گرمی کی اس لہر کے پیش نظر عوام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ بچے، بزرگ اور خواتین خاص طور پر احتیاط کریں۔ شہری بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور لو سے بچنے کے لیے پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بنائیں۔

محکمہ کے مطابق 10 مئی کی شام سے 13 مئی کے دوران کمزور مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو سکتا ہے جس سے موسم کی صورتحال میں کچھ تبدیلی متوقع ہے۔

Scroll to Top