معرکۂ حق کا ایک سال مکمل، آئی ایس پی آر کی اہم پریس کانفرنس سہ پہر 2 بجے ہوگی

معرکۂ حق کا ایک سال مکمل، آئی ایس پی آر کی اہم پریس کانفرنس سہ پہر 2 بجے ہوگی

بھارت کیخلاف ’’معرکۂ حق‘‘ کے ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی اہم پریس کانفرنس آج سہ پہر 2 بجے منعقد ہوگی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری پریس کانفرنس کی قیادت کریں گے، جبکہ اس موقع پر پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سینئر افسران بھی موجود ہوں گے۔

دوسری جانب ’’معرکۂ حق‘‘ کے پہلے سال کی تکمیل پر افواجِ پاکستان کی جانب سے جاری خصوصی پیغام میں کہا گیا ہے کہ اس معرکے کے دوران دشمن نے پاکستان کی قوت، تیاری اور فیصلہ کن صلاحیت کا عملی مشاہدہ کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں دشمن کو اس سے بھی زیادہ سخت اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ افواجِ پاکستان کے مطابق ’’معرکۂ حق‘‘ نے قومی اعتماد کو نئی توانائی دی اور پاک فضائیہ کی جدید جنگی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی، سمارٹ سسٹمز اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے مستقبل کی مضبوط فضائی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔ ملٹی ڈومین آپریشنز میں مہارت نے اسے جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ایک فیصلہ کن فورس بنا دیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اس کی مسلح افواج خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔ تاہم کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھرپور، مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

افواجِ پاکستان نے اپنے مشترکہ پیغام میں پاک فضائیہ کے افسران، جوانوں اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے عزم، مہارت اور قربانی کے جذبے سے ملک کی فضائی حدود کا کامیاب دفاع کیا۔

Scroll to Top