وزارت داخلہ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے کسی مخصوص ملک یا فرقے کے افراد کی بے دخلی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو قطعی طور پر غلط اور من گھڑت قرار دے دیا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، یو اے ای میں کسی بھی ملک یا فرقے سے منسلک افراد کے خلاف کوئی مخصوص ڈی پورٹیشن مہم نہیں چل رہی۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات سے بے دخلی صرف میزبان ملک کے قوانین کی خلاف ورزی، ویزا کی میعاد ختم ہونے یا غیر قانونی دستاویزات کے استعمال کی صورت میں ہوتی ہے، جس کا تعلق کسی خاص گروہ یا قومیت سے نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزٹ ویزا پر حج کے خواہشمند افراد کےلیےاہم خبر
وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ ایسی جعلی خبریں بدنیتی اور مذموم مقاصد کے تحت پھیلائی جا رہی ہیں تاکہ عوام میں بے چینی پیدا کی جا سکے۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستانی شہری بغیر کسی تفریق کے اب بھی متحدہ عرب امارات اور دیگر دوست ممالک میں ورک ویزا حاصل کر رہے ہیں اور وہاں برسرِ روزگار ہیں۔
اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو متعلقہ ممالک کے ساتھ سفارتی ذرائع سے اٹھایا جاتا ہے۔
وزارت داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات پر یقین کریں۔





