پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) خیبر پختونخوا نے شمالی وزیرستان اور خوست کے متاثرین کے لیے جولائی اور اگست 2025 کے بقایا جات کی مد میں کروڑوں روپے کی مالی امداد جاری کرنے کا باقاعدہ فیصلہ کیا ہے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد متاثرہ خاندانوں کی معاشی مشکلات کو کم کرنا اور انہیں بروقت بنیادی ضروریات زندگی فراہم کرنا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق، مجموعی طور پر 17 ہزار 788 متاثرہ خاندانوں کے لیے 71 کروڑ 86 لاکھ 35 ہزار 200 روپے جاری کیے گئے ہیں۔
اس ریلیف پیکج کے تحت ہر خاندان کو ماہانہ 12 ہزار 120 روپے نقد دیے جائیں گے، جبکہ نقد رقم کے علاوہ ہر خاندان کو ماہانہ 8 ہزار روپے مالیت کا فوڈ راشن بھی فراہم کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 19500روپےکیسے ملیں گے ؟
شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے یہ ادائیگیاں موبائل سمز کے ذریعے کی جائیں گی تاکہ فنڈز براہِ راست مستحقین تک پہنچ سکیں۔ حکام نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ امدادی فنڈز کی تقسیم کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
مراسلے میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ یہ امدادی رقم صرف جولائی اور اگست 2025 کے عرصے کے لیے مختص ہے، اور غیر تقسیم شدہ رقم بشمول سروس چارجز 60 روز کے اندر واپس جمع کروانے ہوں گے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ حکام کو تمام ریکارڈ اور آڈٹ کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا ہے تاکہ امدادی عمل میں مکمل نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔





