پروفیسر جیانگ کے نام سے فیک اے آئی چینل پر بھارت کا پاکستان کیخلاف پروپیگنڈہ بے نقاب

پروفیسر جیانگ کے نام سے فیک اے آئی چینل پر بھارت کا پاکستان کیخلاف پروپیگنڈہ بے نقاب

معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا مہم تیز ہونے کے شواہد سامنے آ رہے ہیں

یوٹیوب پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے بنائی گئی جعلی ویڈیوز اور جعلی چینلز کے ذریعے گمراہ کن مواد پھیلایا جا رہا ہے۔ ان میں سب سے زیادہ زیر بحث “پروفیسر جیانگ” کے نام سے منسوب ویڈیوز ہیں۔

تحقیقات کے مطابق پروفیسر جیانگ کا اصل یوٹیوب چینل Predictive History ہے، جس کے تقریباً 25 لاکھ سبسکرائبرز ہیں اور یہ ایک معروف علمی و تاریخی مواد پر مبنی چینل ہے۔

تاہم اسی نام سے ایک جعلی چینل بھی سامنے آیا ہے جس کے صرف چند ہزار سبسکرائبرز ہیں۔ مبینہ طور پر یہ جعلی چینل اصل مواد کی نقل کرتے ہوئے اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز اپ لوڈ کر رہا ہے تاکہ ناظرین کو گمراہ کیا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے متعدد فیک چینلز کا مقصد پاکستان اور خطے کے دیگر موضوعات پر منفی اور جھوٹا بیانیہ پھیلانا ہے۔ ان چینلز پر نشر ہونے والا مواد بغیر تصدیق کے اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا ماہرین کے مطابق اس طرح کے اقدامات نہ صرف معلوماتی گمراہی کا باعث بنتے ہیں بلکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اعتماد کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ ماہرین نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی ویڈیو یا چینل کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کریں۔

یہ معاملہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جدید دور میں ڈیجیٹل پروپیگنڈا اور اے آئی ٹیکنالوجی کا غلط استعمال ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے،اور بھارت اس میں سرفہرست ہے ،جعلی ویڈیو بنانے میں بھارت سب سے آگئے ہیں، جس سے نمٹنے کے لیے مؤثر
نگرانی اور آگاہی انتہائی ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی جعل سازی پر مبنی پروپیگنڈا مشینری اس وقت رنگے ہاتھوں پکڑی گئی جب معروف چینی اسکالر پروفیسر جیانگ شوئچن، جنہیں اپنی درست پیش گوئیوں کی وجہ سے موجودہ دور کا ’چینی نوسٹراڈامس‘ بھی کہا جاتا ہے، کے نام سے ایک جعلی یوٹیوب اکاؤنٹ منظرِ عام پر آیا۔

تحقیقات سے یہ ثابت ہوا کہ پروفیسر جیانگ سوئچن کا اس نام سے کوئی آفیشل یوٹیوب اکاؤنٹ موجود نہیں ہے۔ ان کا اصل اور مستند یوٹیوب چینل ’پریڈکٹو ہسٹری‘ کے نام سے کام کر رہا ہے، جہاں وہ اپنی اصل ویڈیوز شیئر کرتے ہیں۔

بھارتی خفیہ اداروں نے ’پروفیسر جیانگ سوئچن‘ نامی اس جعلی اکاؤنٹ پر ایسی ویڈیوز اپ لوڈ کیں جن میں پاکستان کی معاشی صورتحال اور خطے میں اس کے بڑھتے ہوئے جیو پولیٹیکل اثر و رسوخ کو توڑ موڑ کر پیش کیا گیا۔ بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا ہینڈلز نے فوری طور پر ان جعلی ویڈیوز کو سچ بنا کر پیش کیا تاکہ عالمی رائے عامہ کو پاکستان کے خلاف ہموار کیا جا سکے۔

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ بھارت نے اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے اپنائے ہوں۔ اس سے قبل یورپی یونین کی ’ڈس انفو لیب‘ بھی بھارت کے 15 سالہ پرانے نیٹ ورک کو بے نقاب کر چکی ہے، جس میں سیکڑوں جعلی میڈیا آؤٹ لیٹس اور غیر سرکاری تنظیمیں (این جی اوز) پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کر رہی تھیں۔

پہلگام فالس فلیگ آپریشن ہو یا ’ایکس‘ (ٹویٹر)، فیس بک اور یوٹیوب پر ہزاروں جعلی اکاؤنٹس کا جال، بھارت ہمیشہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے جھوٹ کا سہارا لیتا آیا ہے۔

مودی سرکار کے دور میں بھارتی میڈیا ایک منظم ’پروپیگنڈا فیکٹری‘ کی شکل اختیار کر چکا ہے، جہاں حقائق کے بجائے من گھڑت کہانیوں کو ترجیح دی جاتی ہے۔

Scroll to Top