کاروبار شروع کرنے والے نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری؛ وزیراعظم نے اہم ہدایت جاری کر دی

عظمت اللہ عقاب
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ پروگرام کے جاری منصوبوں پر پیش رفت اور آئندہ برس کے لیے نئی تجاویز کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کو آئی ٹی اور دیگر اہم شعبوں میں عالمی معیار کی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کے لیے اقدامات میں تیزی لائی جائے تاکہ وہ بین الاقوامی مارکیٹ کے تقاضوں کو پورا کر سکیں۔

وزیراعظم نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو حکم دیا کہ وہ جامعات میں آئی ٹی کی تعلیم کو جدید عالمی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک جامع لائحہ عمل پیش کریں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کو نوجوانوں کی تکنیکی اور فنی تربیت پر خصوصی توجہ مرکوز کرنی چاہیے تاکہ ان کے لیے ملک کے اندر اور بیرون ملک روزگار کے باعزت مواقع یقینی بنائے جا سکیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے میں درپیش دشواریوں کے حل کے لیے تمام آسان قرضہ اسکیموں کو ایک چھتری تلے لانے کی خصوصی ہدایت بھی جاری کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کم آمدن اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی سہولت کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے یوتھ پروگرام کو وزارت صنعت کے ساتھ مل کر الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد نوجوان نسل کو بااختیار بنانا اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہے تاکہ وہ ملکی معیشت کی بہتری میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

Scroll to Top