شمالی وزیرستان میں 16 مئی کو کرفیو نافذ کرنے کااعلان

ضلعی انتظامیہ شمالی وزیرستان نے سیکیورٹی فورسز کی نقل و حرکت کے پیش نظر 16 مئی 2026 کو پورے ضلع میں کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہفتہ کے روز صبح 5 بجے سے شام 7 بجے تک ضلع بھر میں سیکیورٹی فورسز کی نقل و حرکت جاری رہے گی، جس کے دوران عوامی سرگرمیاں معطل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دوران اپنی روزمرہ سرگرمیاں محدود رکھیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی خان! تحصیل کلاچی میں صبح 6 سے شام 6 بجے تک کرفیو نافذ،سڑکوں پر آمدورفت معطل

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ضلع میں پہلے سے نافذ رات کے کرفیو کے اوقات بدستور برقرار رہیں گے جس کے تحت رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک عوام کی نقل و حرکت پر پابندی جاری رہے گی۔

انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور سیکیورٹی فورسز کی نقل و حرکت کو محفوظ بنانے کے لیے کیے گئے ہیں، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔

Scroll to Top