بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی معاشی بحالی کے عمل میں پیشرفت کا اعتراف کیا ہے تاہم پروگرام کے تحت مزید 11 نئی شرائط بھی عائد کر دی گئی ہیں۔
جائزہ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2027 کے بجٹ میں گیس اور بجلی کے نرخوں میں رد و بدل شامل ہوگا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گیس ٹیرف میں جولائی 2026 اور فروری 2027 میں تبدیلی کی جائے گی جبکہ بجلی کے نرخ جنوری 2027 میں ایڈجسٹ کیے جائیں گے۔
آئی ایم ایف نے نیب کو مزید خودمختار اور شفاف بنانے کی شرط بھی شامل کی ہے، رپورٹ کے مطابق پروگرام کے تحت مجموعی شرائط کی تعداد بڑھ کر 55 ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی بحالی سے متعلق اہم رپورٹ جاری کر دی
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بیشتر مالی اہداف حاصل کر لیے ہیں تاہم کچھ ٹیکس اہداف اور اصلاحاتی اقدامات مکمل نہیں ہو سکے۔
آئی ایم ایف کے مطابق پاکستانی معیشت کی سمت اب بھی غیر یقینی ہے اور بیرونی عوامل خطرات پیدا کر سکتے ہیں۔
رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ایران سے متعلق کشیدگی یا جنگی صورتحال مہنگائی میں اضافہ، معاشی نمو میں کمی اور ادائیگیوں کے توازن کو متاثر کر سکتی ہے۔





