عیدالاضحیٰ کے موقع پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شہریوں کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کی خاطر ملک بھر میں ’’گو کیش لیس‘‘ مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
اس مہم کے تحت مویشی منڈیوں میں آن لائن اور ڈیجیٹل لین دین کی سہولت بڑھانے کے لیے 22 بینک خصوصی کیمپس اور کیوسک قائم کریں گے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ’’گو کیش لیس‘‘ مہم کا دائرہ کار 54 مویشی منڈیوں سے بڑھا کر 96 منڈیوں تک وسیع کر دیا گیا ہے،
جبکہ عید سیزن کے دوران ٹرانزیکشن اور اکاؤنٹ بیلنس کی حدود میں بھی عارضی نرمی دی گئی ہے تاکہ شہری آسانی سے مالی لین دین کر سکیں۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ 14 مئی سے 5 جون تک صارفین کو ڈیجیٹل ادائیگیوں سے متعلق خصوصی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
اس مقصد کے لیے مویشی منڈیوں کے اطراف موبائل بینکنگ وینز، اے ٹی ایمز اور کیش ڈپازٹ مشینیں بھی نصب کی جائیں گی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگیوں کے استعمال سے نہ صرف عوام کو زیادہ سہولت اور تحفظ حاصل ہوگا بلکہ نقد رقم ساتھ رکھنے کے خطرات میں بھی کمی آئے گی۔
بینک کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات پاکستان میں شفاف، مؤثر اور جدید مالیاتی نظام کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے۔





