اردو صحافت کا درخشاں ستارہ غروب، الطاف حسن قریشی انتقال کرگئے

سینئر صحافی، مصنف اور دانشور الطاف حسن قریشی 94 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔

الطاف حسن قریشی معروف ماہنامہ اردو ڈائجسٹ کے مدیرِ اعلیٰ تھے اور صحافت و ادب کے میدان میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مرحوم کے بیٹے کامران قریشی کے مطابق الطاف حسن قریشی کی نمازِ جنازہ کل بعد نمازِ ظہر جامعہ شرفیہ لاہور میں ادا کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے اہم رہنما حافظ عدنان خان انتقال کر گئے

الطاف حسن قریشی نے سوگواران میں پانچ بیٹے اور چار بیٹیاں چھوڑیں، ان کی معروف تصانیف میں ملاقاتیں، مقابل ہے آئینہ، چھ نکات کی سچی تصویر، نوکِ زباں، مشرقی پاکستان اور مشرقی پاکستان ٹوٹا ہوا تارا شامل ہیں۔

ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں 2019 میں الطاف صحافت کے عنوان سے کتاب بھی شائع کی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے الطاف حسن قریشی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی صحافت کے لیے انجام دی گئی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

Scroll to Top