محمد اعجاز آفریدی
خیبرپختونخوا حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو مئی کی تنخواہیں اور پنشن پیشگی ادا کرنے کے لیے مراسلہ جاری کر دیا۔
محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی جانب سے تمام انتظامی سیکرٹریز، سینئر ممبرز بورڈ آف ریونیو اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان کے نام جاری ہونے والے مراسلے کے مطابق صوبے کے تمام مسلم سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو مئی 2026 کی مکمل تنخواہ، الاؤنسز اور پنشن 20 مئی 2026 تک ادا کی جائے گی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ 27 مئی 2026 کو منائی جائے گی، جس کے پیش نظر حکومت نے ٹریژری رول217 کے تحت پیشگی ادائیگی کی منظوری دی ہے۔
محکمہ خزانہ کے مراسلے کے مطابق چیف سیکرٹری، تمام انتظامی سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ضم اضلاع کے حکام، اکاؤنٹنٹ جنرل، اسٹیٹ بینک اور دیگر متعلقہ اداروں کو پیشگی ادائیگی یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو سہولت دینے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔





