پاکستانی فاسٹ بالرمحمد عامر کو باقاعدہ طور پر برطانوی شہریت مل گئی ہے، جبکہ انہیں برطانوی پاسپورٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اس اہم پیشرفت کے بعد ان کے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں بطور برطانوی کھلاڑی شرکت کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد عامر اپنی برطانوی نژاد اہلیہ نرجس خان اور بچوں کے ہمراہ کافی عرصے سے برطانیہ میں مقیم تھے۔ تمام قانونی تقاضے اور مقررہ مدت مکمل ہونے کے بعد اب وہ باضابطہ طور پر برطانوی شہری بن چکے ہیں۔
بدھ کے روز سوشل میڈیا پر برطانوی شہریت ملنے سے متعلق ایک پوسٹ سامنے آئی، جسے محمد عامر نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے بھی شیئر کیا۔ مداحوں اور کرکٹ شائقین کی جانب سے انہیں نئی شہریت پر مبارکباد دی جا رہی ہے۔
برطانوی پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد اب محمد عامر کیلئے آئی پی ایل میں شرکت کی راہ مزید آسان ہو گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اگر انہیں آئی پی ایل سے کسی فرنچائز کی جانب سے پیشکش موصول ہوئی تو وہ مشاورت کے بعد اس پر فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ محمد عامر ماضی میں کئی مرتبہ آئی پی ایل کھیلنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔ ایک پوڈکاسٹ کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ اگر مستقبل میں پی ایس ایل اور آئی پی ایل کے شیڈول ایک ساتھ آئے تو برطانوی شہریت ملنے کے بعد وہ آئی پی ایل کو ترجیح دیں گے، جبکہ موقع نہ ملنے کی صورت میں پاکستان سپر لیگ کا حصہ بنیں گے۔





